مسائل کا حل عدل و انصاف کا نظام اور عوام کے حق ِ حکمرانی کی بحالی ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی
عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، ایک ٹولے کو مسلط کر کے کسی جواب دہی کے بغیر ملک کا نظام چلایا جا رہا ہے،گلشن حدیدمیں فیملی عید ملن سے خطاب
کراچی ……….. نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل اسی صورت ممکن ہے جب ملک میں اللہ کی کبریائی اور عدل و انصاف کا نظام نافذ ہو، خرابیوں کو دور، عوام کا حق ِ حکمرانی بحال اور جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ اور جنرل شاہی نظام سے چھٹکارا حاصل کیا جائے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں جماعت اسلامی کی فیملی عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے مذموم عزائم کا کھل کر اظہار کر رہا ہے، امریکہ و اسرائیل کا اگلا ہدف پاکستان ہوگا،بد قسمتی سے پاکستان میں جمہوری حکومت نہیں، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے

اور ایک ٹولے کو مسلط کر کے کسی جواب دہی کے بغیر ملک کا نظام چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک بڑی سپر پاور کے سامنے جرات کے ساتھ ڈٹ کر اس لیے کھڑا ہے کہ اس کا داخلی نظام مضبوط ہے، وہ ایک انقلاب سے گزر کر آیا ہے، وہاں حکمرانی میں عوام کی شرکت اور جمہوریت ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کس نے کیا کہ افغانستان ہمارا دشمن ہے،
ہم کس کے کہنے پر ہم دوست کو دشمن بنانا چاہتے ہیں، ہم اس سے لڑ کر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں،افغانستا ن اور پاکستان کی لڑائی دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہے۔ تقریب سے امیر ضلع ملیر سید مفخر علی، ناظم علاقہ ملک عزیز الرحمن، اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما عمر احمد خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔