میئر کی ترجیحات فالتو بیان بازی. دکھاوے

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی کا شہر قائد میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار

بچوں خواتین اور بزرگوں پر آوارہ کتوں کے حملے معمول بن چکے ہیں مگر حکومت اور کاغذی میئر کی ترجیحات صرف سیاسی مفادات فالتو بیان بازی اور ٹی وی پر دکھاوے تک محدود ہیں، متحدہ ارکانِ سندھ اسمبلی

صوبائی حکومت اور نام نہاد بلدیاتی نظام کی ناکامی نے کراچی کے شہریوں کی زندگیوں کو دہشت اور عدم تحفظ میں دھکیل دیا ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی

کراچی کو آوارہ کتوں سے پاک کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر آپریشن، اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی فوری اور مستقل فراہمی، شہریوں کی حفاظت اور سدِباب کے لئے ایک جامع فعال شفاف حکمت عملی بنائی اور ناکام بلدیاتی نمائندوں کے خلاف کارروائی کی جائے، متحدہ اراکین سندھ اسمبلی کا مطالبہ

کراچی۔۔۔……..متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں آئے روز کتے کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور نام نہاد بلدیاتی نظام کی ناکامی نے کراچی کے شہریوں کی زندگیوں کو کھلی دہشت اور عدم تحفظ میں دھکیل دیا ہے، حق پرست اراکین نے کہا کہ دنیا کے بڑے شہروں میں عوام کو سہولتیں اور تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کراچی میں سندھ حکومت نے شہریوں کو آوارہ کتوں کے حوالے کر دیا ہے، روزانہ بچوں خواتین اور بزرگوں پر آوارہ کتوں کے حملے معمول بن چکے ہیں مگر حکومت اور کاغذی میئر کی ترجیحات صرف سیاسی مفادات فالتو بیان بازی اور ٹی وی پر دکھاوے تک محدود ہیں

انہوں نے کہا کہ شہر میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت کتے مار مہم کا خاتمہ اور بلدیاتی عملے کی مکمل ناکارہ کارکردگی نے شہریوں کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا ہے، سرکاری اسپتالوں میں ویکسین نہ ملنے کے باعث متاثرین دربدر اور خوفزدہ ہیں جبکہ سندھ حکومت بے حسی کی حدیں عبور کر چکی ہے، حق پرست نمائندگان نے واضح کیا کہ کراچی کو آوارہ کتوں سے پاک کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر آپریشن کیا جائے، اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی فوری اور مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے، شہریوں کی حفاظت اور سدِباب کے لئے ایک جامع فعال اور شفاف حکمت عملی پیش کی جائے، ناکام بلدیاتی نمائندوں کے خلاف کارروائی کی جائے،

متحدہ اراکین سندھ اسمبلی نے اعلان کیا کہ اگر سندھ حکومت نے اپنی روایتی غفلت ترک نہ کی تو ایم کیو ایم پاکستان ایوان کے اندر بھرپور احتجاج کے ساتھ عوامی سطح پر بھی سخت تحریک چلانے سے دریغ نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور اگر یہ حکومت اپنی نااہلی پر قائم رہی تو عوامی عدالت میں اسے سخت ترین جواب دینا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں