چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا

کراچی …… متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی والدہ کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے جو کہ علالت کے باعث نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مائیں اللہ رب العزت کی جانب سے وہ عظیم نعمت ہیں جن کی دعائیں اولاد کی زندگی کا حصار اور کامیابی کا زینہ ہوتی ہیں،
ہم دکھ اور بیماری کی اس گھڑی میں کامران ٹیسوری بھائی اور ان کے تمام اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے حبیبِ مکرم ﷺ کے صدقے محترمہ کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، انہوں نے ایم کیو ایم کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور ہمدردوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گورنر سندھ کی والدہ کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں