سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار
پاکستان رائٹر اینڈ تھنکر فورم کے ایک وفد نے چیئر مین ڈاکٹر رشید جمال اور سینئر صحافی طاہر حسن خان، ذیشان احمد صدیقی ، ریاض عاجز، ذوالفقار احمدزلفی کے ساتھ اسلامی جمہوری ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادے سےملاقات
کراچی ………پاکستان رائٹر اینڈ تھنکر فورم کے ایک وفد نے چیئر مین ڈاکٹر رشید جمال اور سینئر صحافی طاہر حسن خان، ذیشان احمد صدیقی ، ریاض عاجز، ذوالفقار احمدزلفی کے ساتھ اسلامی جمہوری ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادے سےملاقات کی ، اس موقع پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میںایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قوم سے تعزیت کی ۔ ڈاکٹر رشید جمال نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت ایک تاریخی لمحہ ہے جو ایران کی سیاسی اور قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اِس افسوسناک واقعے میں اُن کی بیٹی، داماد، نواسہ اور ایک بہو کی شہادت پراپنے غم اور دکھ کااظہارکیا اور کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم ایرانی قوم کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے
انہوں نےکہا کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے ۔اس موقع پرکراچی میں اسلامی جمہوری ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادے نے کہا ہے کہ ایران کو ملکی دفاع کا قانونی اور سفارتی طور پر مکمل دفاع کا اختیار ہے، ایران اس وقت تک جنگ جاری رکھے گا جب تک مقاصد حاصل نہیں ہوتے ،ان کا کہنا تھا کہ دشمن کا مقصد مسلم دنیا کو تقسیم کرنا ہے، تاہم مسلم ممالک کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ امریکا ایک طرف دوست ممالک کے ذریعے مذاکرات کے نام پر ایران کو انگیج کرکے رکھا جبکہ دوسری جانب وہ خطے میں اپنی بحری افواج تعینات کر تا رہے اور پھر امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران پر یکطرفہ حملہ کیا۔

جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے جن میں 168 بچے بھی شامل ہیں۔ اور یہ دوسرا موقع ہے جب ایران کو اچانک حملے کا سامنا کرنا پڑا۔قونصل جنرل نے پاکستان کی تعریف کر تے ہو ئے کہا کہ ہمیں اس بات خوشی ہے کہ پاکستان ہمارے موقف کی تائید کرتا ہے اور جارحیت کی مذمت کر رہا ہے۔پاکستان میں جو علماء سمیت دیگر شعبو ں سے تعلق رکھنے والے افراد ایران کے حق میں بات کر رہے ہیں ہم ان کے شکر گزار ہیں