گلشنِ اقبال میں پانی کی لیکیج اور سیوریج اوورفلو سے نئی سڑکیں تباہ
کھلے گٹر اور غیر ہموار سطح حادثات کے خطرے میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، ڈاکٹر فواد
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد کا میئر کراچی اور چیئرمین واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن مرتضیٰ وہاب کو خط
متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشنِ اقبال ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ پانی کے لیکیج اور سیوریج سسٹم کے اوورفلو کی وجہ سے حال ہی میں بحال اور تعمیر کی گئیں سڑکیں بری طرح متاثر ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جنہیں بروقت مرمت اور مناسب دیکھ بھال سے بچایا جا سکتا تھا۔ ڈاکٹر فواد احمد نے میئر کراچی اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین مرتضیٰ وہاب کو خط لکھ کر گلشن اقبال میں پانی کے لیکیج اور سیوریج کے اوورفلو کے باعث حال ہی میں تعمیر و مرمت کی گئی سڑکوں کی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشنِ اقبال ڈاکٹر فواد احمد کی جانب سے میئر/چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پانی کے لیکیج اور سیوریج سسٹم کے اوورفلو کی وجہ سے نئی بحال کی گئی سڑکیں بری طرح متاثر ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں،جنہیں بروقت مرمت اور مناسب دیکھ بھال سے بچایا جا سکتا تھا۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ احمد سایا روڈ بلاک 19 کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کے قریب، صہبا اختر روڈ غزالی مسجد ریلوے برج کے قریب اور احمد سعید قریشی پارک بلاک 4 گلشنِ اقبال میں سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر فواد احمد کے مطابق سڑکوں کی خراب حالت سے مقامی رہائشیوں، روزانہ سفر کرنے والوں اور ایمرجنسی سروسز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ٹوٹی ہوئی سڑکیں، کھلے گٹر اور غیر ہموار سطح حادثات کے خطرے میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، خصوصاً رات اور بارش کے دوران صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔
خط میں میئر اور چیئرمین واٹر کارپوریشن مرتضیٰ وہاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔