کے فور منصوبے کے تحت پائپ لائن بچھانے کا کام بی آر ٹی ریڈ لائن کے ساتھ مشترکہ 2.7 کلومیٹر طویل کوریڈور میں جاری ہے اب روزانہ دو بڑے پائپ بچھانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے
جاری کھدائی کے باعث مقامی آبادی، دکانداروں، مسافروں اور بالخصوص طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت نیپا کے مقام پر جاری کے فور پائپ لائن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اب روزانہ دو بڑے پائپ بچھانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق کے فور منصوبے کے تحت پائپ لائن بچھانے کا کام بی آر ٹی ریڈ لائن کے ساتھ مشترکہ 2.7 کلومیٹر طویل کوریڈور میں جاری ہے، جہاں تکنیکی اور حفاظتی پیچیدگیوں کے باوجود منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

اس حوالے سے سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ادارہ اس امر سے بخوبی آگاہ ہے کہ جاری کھدائی کے باعث مقامی آبادی، دکانداروں، مسافروں اور بالخصوص طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق منصوبے کے تحت 6 میٹر گہری کھدائی ایسے علاقے میں کی جا رہی ہے، جہاں بی آر ٹی کی تعمیرات کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین پانی و سیوریج لائنیں، گیس کی پریشر لائنیں اور کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن کیبلز بھی موجود ہیں، جس کے باعث بعض مقامات پر صرف پانچ فٹ تک جگہ دستیاب تھی۔
اس پیچیدہ صورتحال میں عوام اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جدید کھدائی طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ نومبر کے دوران دو مختلف یوٹیلیٹی نقصانات کے باعث کام عارضی طور پر متاثر ہوا، تاہم ٹیم نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر 36 پائپ بچھانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سی ای او احمد علی صدیقی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے منصوبے پر خصوصی توجہ اور حالیہ دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے فور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ کے فور منصوبہ سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن کا ایک اہم انفراسٹرکچر منصوبہ ہے، جس کے تحت کراچی کو 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی فراہم کیا جائے گا۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق منصوبے کی روزانہ پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھنے کیلئے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ اپ ڈیٹس جاری کی جا رہی ہیں۔