10 ہزار بلدیاتی ملازمین واجبات سےمحروم

عدالتی احکامات اور میئر کے وعدوں کے باوجود 10 ہزار بلدیاتی ملازمین واجبات سے محروم ہیں، رکنِ مرکزی کمیٹی رضوان بابر

اپنی زندگی اداروں کو دینے والے بزرگ ملازمین بڑھاپے میں پنشن کے لیے دربدر ہو رہے ہیں، رکنِ مرکزی کمیٹی و انچارج سی او سی فرقان اطیب

2017ء سے اب تک ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کا حق نہ دینا بدترین ناانصافی ہے، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری

ایم کیو ایم پاکستان یونائٹڈ لیبر ڈویژن کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد

کراچی…. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر یونائٹڈ لیبر ڈویژن کے تحت ایک اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں بلدیاتی و صوبائی اداروں کے 10 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی کے سنگین معاملے پر غور کیا گیا، اجلاس سے پہلے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے رکن رضوان بابر نے کہا کہ عدالتی احکامات اور میئر کراچی کے عدالت میں بیان کے باوجود 2017ء سے اب تک ہزاروں ملازمین اپنے جائز بقایاجات سے محروم ہیں اور یہ صورتحال ان غریب محنت کشوں کے ساتھ سنگین مذاق ہے،

اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن اور انچارج سی او سی فرقان اطیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ وہ ملازمین ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی ان اداروں کی خدمت میں گزار دی مگر آج بڑھاپے میں وہ اپنی ہی جمع پونجی اور پنشن کے حصول کے لیے محکموں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ معزز عدالت کے فیصلے کے بعد اب کسی تاخیر کا جواز باقی نہیں رہتا، میئر کراچی نے عدالت میں جلد ادائیگی کا یقین دلایا تھا مگر تاحال ملازمین محرومی کا شکار ہیں،

ایم کیو ایم پاکستان ان مظلوموں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور جب تک ان کے بقایاجات سود سمیت ادا نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، اجلاس کے اختتام پر متاثرہ ملازمین کی قانونی امداد اور احتجاجی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر لیبر ڈویژن اور لیگل ایڈ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران,قانونی ماہرینِ اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں