عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل قرآنی تعلیمات میں ہے،جاوداں فہیم
ناظمہ کراچی کا نائب ناظمہ سمیہ اسلم کے ہمراہ شہر بھر میں جاری دورہ قرآن کے مختلف پروگرامات کا دورہ،شرکاء سے گفتگو
کراچی ……… “ہر دل تک قرآن”کے عنوان سے شہرِ کراچی میں جاری دورہ قرآن کے پروگرامات میں خواتین کی بڑی تعداد نہایت شوق، دلچسپی اور باقاعدگی کے ساتھ شرکت کر رہی ہے مختلف علاقوں میں قائم یہ مراکز علمِ قرآن کی روشنی عام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے نائب ناظمہ کراچی سمیہ اسلم کے ہمراہ شہر کے مختلف مراکز کا دورہ کیا، شرکاء سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوداں فہیم نے کہا کہ عصرِحاضر کے تمام انفرادی و اجتماعی مسائل کا حقیقی حل قرآنِ مجید کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔ جب تک ہم اپنی زندگیوں، گھروں اور معاشرے کو قرآن سے وابستہ نہیں کریں گے،
مسائل کا حل ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف قرآن کی محافل نہیں بلکہ یہ فہمِ قرآن، اصلاحِ نفس اور معاشرتی تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ شہر بھر میں خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام بالخصوص خواتین قرآن سے رہنمائی حاصل کرنا چاہتی ہیں اور اپنی زندگیوں کو اس کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا عزم رکھتی ہیں۔اس موقع پرنائب ناظمہ کراچی سمیہ اسلم نے کہا کہ قرآن سے مضبوط تعلق ہی امت کی کامیابی، اتحاد اور استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورہ قرآن کا سلسلہ 25رمضان المبارک تک جاری رہے گا،
زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس سے مستفید ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ دورہ قرآن مراکز میں یومیہ بنیادوں پر ایک پارے کا درس دیاجا رہا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور طالبات شریک ہورہی ہیں۔جو اس دینی و فکری تحریک کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے