پاکستان عالمی سطح اور بااثر ملک

پاکستان عالمی سطح پر ایک بااثر ملک بن کر ابھرا ہے: کرم اللہ وقاصی
پاکستان کی سفارتی کوششوں نے تصادم روکنے میں اہم کردار ادا کیا اورملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار کو زبردست خراجِ تحسین

کراچی ……. میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت، متوازن اور دور اندیش پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے نہ صرف ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے دانشمندی، تدبر اور فعال سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے میں جو کردار ادا کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشیں پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔پاکستان عالمی سطح پر ایک بااثر ملک بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کو فروغ دیتا آیا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک عالمی برادری میں ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد کردار ادا کر رہا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے صدرپاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، دفترِ خارجہ اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد اور علاقائی امن کے لیے ایسی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی دیرپا ثابت ہوگی اور خطے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور مستقبل میں بھی عالمی امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں