پاکستان عالمی امن کا محور، اسلام آباد مذاکرات انسانیت کی جیت ہیں، چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ
پاکستان نے دنیا کو بڑی تباہی سے بچا لیا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی پاکستان کی سفارتی تاریخ کی عظیم الشان فتح ہے، چیئرمین ایم کیو ایم
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرِ قیادت عسکری سفارت کاری نے وہ نتائج حاصل کیئے جس کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی، چیئرمین ایم کیو ایم
متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی کے معاہدے اور اسلام آباد میں ہونے والے متوقع مذاکرات کو عالمی امن کے لئے پاکستان کا تحفہ قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور مقتدر حلقوں کو اس تاریخی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش
کراچی…………متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی کے معاہدے اور اسلام آباد میں ہونے والے متوقع مذاکرات کو عالمی امن کے لئے پاکستان کا تحفہ قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور مقتدر حلقوں کو اس تاریخی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، مرکزِ بہادر آباد سے جاری ہونے والے ایک خصوصی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنی تزویراتی اہمیت اور سفارتی مہارت کا لوہا منوا لیا ہے دو عالمی قوتوں کو میز پر لانا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان خطے میں محض ایک تماشائی نہیں بلکہ امن کا سب سے بڑا ضامن ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسلام آباد کا امن مرکز بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کو جب بھی کسی سنگین بحران کا سامنا ہوا پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا فرض نبھایا، انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہ جنگ بندی نہ ہوتی تو پوری دنیا کی معیشت اور مشرقِ وسطیٰ کا امن خاک میں مل سکتا تھا انہوں نے مزید کہا کہ جب دنیا بارود کے ڈھیر پر کھڑی تھی تب پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک صفحے پر ہو کر عالمی امن کی شمع روشن کی،

اسلام آباد کا انتخاب اس بات کی مہر ہے کہ دنیا کو پاکستان کی غیر جانبداری اور دیانت داری پر کامل بھروسہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کی دور اندیشی اور مضبوط دفاعی و سفارتی حکمتِ عملی نے عالمی طاقتوں کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان خطے میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے، جنرل عاصم منیر کی زیرِ قیادت عسکری سفارت کاری نے وہ نتائج حاصل کیئے جس کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی، چیئرمین ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم وزیرِ خارجہ اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو مزید سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہماری خارجہ پالیسی کے ایک نئے اور روشن دور کا آغاز ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف مستقل جنگ بندی بلکہ خطے میں معاشی استحکام اور تجارتی راہداریوں کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے،
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعاء کی کہ خدائے واحد پاکستان کو اس ہی طرح عالمی امن کا گہوارہ بنائے رکھے اور ہمیں وہ مقام عطاء فرمائے جہاں دنیا ہمارے فیصلوں کی منتظر رہے، اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی پوری مسلم امہ اور انسانیت کی جیت ہے، ہم مزید دعاگو ہیں کہ اسلام آباد سے شروع ہونے والا یہ سفر عالمی استحکام پر ختم ہو اور پاکستان کا یہ امن ماڈل دنیا بھر کے تنازعات کے لئے مشعلِ راہ بنے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ پاکستان نے اپنی سرزمین کو جنگوں کے لیے نہیں بلکہ امن کے سنگم کے طور پر پیش کیا ہے