سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ختم، اختیارات ٹاؤن و یوسیز کو منتقل کیے جائیں، سیف الدین ایڈوکیٹ کا مطالبہ
قابض میئر بطور سربراہ ادارے کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام،بد انتظامی و نا اہلی کی سزا اہل کراچی بھگت رہے ہیں،اپوزیشن لیڈر کے ایم سی
صورتحال فوری بہترنہ ہوئی تو بھر پور احتجاج کریں گے، ٹاؤن چیئر مینوں کے ہمراہ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے ملاقات و پریس کانفرنس
ٹاؤن اور یوسی سے اختیارات بورڈ کو منتقلی کے بعد شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا،مرتضیٰ وہاب کا نہ کوئی وژن ہے نہ اہلیت
کراچی …….. اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ نے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئر مینوں کے ہمراہ پیر کے روز سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی طارق علی نظامانی اور بورڈ کے دیگر افسران سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ٹاؤنز اور یوسیز میں صفائی ستھرائی وکچرا اُٹھانے کے ناقص انتظامات، ادارے کی نا اہلی کے باعث پیدا شدہ سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی بد انتظامی و نا اہلی کی سزا اہل کراچی بھگت رہے ہیں، پرائیوٹ ٹھیکیدار کمپنیوں نے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے،عوام شدید پریشانی کا شکارہیں اور ٹاؤن ویوسی وہ کام بھی کرنے پر مجبورہیں جو ان کی ذمہ داری نہیں۔
بعد ازاں ٹاؤن چیئر مینوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو جماعت اسلامی بھر پور احتجاج اور تحریک چلائے گی، قابض میئر مرتضیٰ وہاب بطور سربراہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ادارے کے نظام کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے اپنی ناقص کار کردی سے ثابت کیا ہے کہ نہ ان کا کوئی وژن ہے نہ اہلیت، ان کے ماتحت صرف ایک نظام چل رہا ہے اور وہ ہے کرپشن کا مضبوط سسٹم۔ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کوختم کر کے صفائی ستھرائی و کچرا اُٹھانے کے پورے نظام کو از سر نو ترتیب دیا جائے اور اختیارات نچلی سطح پر ٹاؤن اور یوسیز کو منتقل کیے جائیں۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو اگر رکھنا ہے تو کا دائرہ اختیار صرف لینڈ فل سائٹ پر کچرے کی مینجمنٹ تک محدود ہونا چا ہیئے،

ٹاؤن اور یوسی سے اختیارات بورڈ کو منتقلی کے بعد شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ موجودہ نظام مکمل طور پر قانون کے خلاف چلایا جارہا ہے، 2014 اور 2021 کا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا قانون کو مکمل طور تبدیل کر نے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی کمپنیوں سے معاہدوں میں گھروں سے کچرا لینا، گلیوں کی صفائی کرنا، سب شامل ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ شہر کے نالے، گلیاں اور جگہ جگہ سڑکوں کے فٹ پاتھ کچرے سے بھرے پڑے ہیں اور عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔ ملاقات میں ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف، ٹاؤن چیئر مین لانڈھی عبدالجمیل، ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ، ٹاؤن چیئر مین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان، ٹاؤن چیئر مین جناح رضوان عبد السمیع،ٹاؤن چیئر مین لیاقت آباد فراز حسیب، وائس چیئر مین ماڈل ٹاؤن فیصل باسط، یوسی چیئرمین گلبرگ ٹاؤن فاروق نعمت اللہ، سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد، سٹی کونسلرز نعمان الیاس اور تیمور احمد بھی شریک تھے