سندھ حکومت کراچی یونیورسٹی روڈ کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرےچیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال
کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان شہریوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی
کراچی ……… چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی اہم اور مصروف ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر جگہ جگہ گہرے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سڑک اور غیر ہموار سطح کے باعث روزانہ شہری زخمی ہو رہے ہیں۔ طلبہ، دفاتر جانے والے افراد، موٹر سائیکل سوار اور فیملیز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کوکب اقبال نے کہا کہ دنیا بھر میں جب بھی کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع کیا جاتا ہے تو حکومت متبادل سڑکوں، واضح روڈ مارکنگ اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کا مکمل انتظام کرتی ہے تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی ہو۔ بدقسمتی سے کراچی میں منصوبے شروع تو کر دیے جاتے ہیں مگر مناسب منصوبہ بندی اور متبادل راستوں کا انتظام نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے معزز وزیرِ اعلیٰ سندھ (سید مراد علی شاہ) اور معزز وزیر بلدیات سندھ (سید ناصر حسین شاہ) سے مؤدبانہ اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کریں تاکہ کراچی یونیورسٹی روڈ کی مکمل مرمت، تعمیر نو، مناسب روڈ مارکنگ اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈ شہر کی مرکزی شاہراہ ہے جو بڑے تعلیمی اداروں، اسپتالوں، تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں کو ملاتی ہے۔ اس اہم سڑک کی موجودہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطالبات درج ذیل ہیں
• یونیورسٹی روڈ کے تمام تباہ شدہ حصوں کی فوری مرمت اور تعمیر نو۔
• واضح روڈ مارکنگ اور لین مینجمنٹ کا مؤثر نظام۔
• جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران محفوظ اور منظم متبادل سڑکوں کی تعمیر۔
• ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیموں کی تعیناتی
کوکب اقبال نے زور دیا کہ محفوظ اور ہموار سڑکیں شہریوں کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہیں۔ سندھ حکومت کو مزید حادثات سے بچاؤ اور عوامی سہولت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان شہریوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گ