کنزیومرز ایسوسی ایشن پاکستان کامطالبہ

ایئر سیال کی غفلت پر فوری کارروائی کی جائے — کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا مطالبہ

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ایئرلائن پر لازم ہے کہ وہ تمام مسافروں کی حفاظت، سہولت اور مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنائے

کراچی………چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایئر سیال کے خلاف فوری کارروائی کریں، جس پر عمرہ زائرین کے ساتھ مبینہ طور پر غفلت اور ناقص انتظامات کے سنگین الزامات عائد کیے جا رہے ہیں

اطلاعات کے مطابق ایئر سیال کی پروازوں کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے مسافروں کو غیر ضروری تاخیر، ناقص رہنمائی اور مناسب سہولیات کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ مقدس سفر پر جانے والے زائرین کے ساتھ ایسا رویہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ایئرلائن پر لازم ہے کہ وہ تمام مسافروں کی حفاظت، سہولت اور مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنائے، خصوصاً پرواز میں تاخیر یا دیگر مسائل کی صورت میں متبادل انتظامات، رہائش اور بروقت معلومات فراہم کرنا ایئرلائن کی ذمہ داری ہے۔ ان ذمہ داریوں سے غفلت مسافروں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ عمرہ زائرین، جن میں بڑی تعداد بزرگ افراد کی ہوتی ہے، خصوصی توجہ اور احترام کے مستحق ہیں۔ ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہے۔

کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ:
• ایئر سیال کے خلاف شکایات کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں
• قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے
• متاثرہ تمام مسافروں کو مناسب معاوضہ دیا جائے
• آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں

کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بھر کے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں