محنت کش ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، استحصال اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
مزدور دوست قانون سازی وطنِ عزیز کی معیشت کی بقاء کے لئے ناگزیر ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم کا لیبر ڈویژن محض ایک تنظیم نہیں بلکہ محنت کشوں کے حقوق وقار محنت اور سماجی انصاف کی علامت ہے، چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ
لیبر ڈویژن نے شہری و صنعتی مزدور کو سیاسی شناخت آئینی شعور اور منظم طاقت فراہم کی، چیئرمین ایم کیو ایم
متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی لیبر ڈویژن کے انتالیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر مبارک باد اور کارکنان کو خراجِ تحسین پیش
کراچی۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لیبر ڈویژن کے انتالیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ محنت کش طبقہ پاکستان کی صنعت پیداوار اور قومی ترقی کی بنیاد ہے مگر بدقسمتی سے اسے آج بھی مہنگائی بے روزگاری اجرتوں میں جمود کنٹریکٹ سسٹم اور عدم تحفظ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جو ناقابلِ قبول ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا لیبر ڈویژن محض ایک تنظیم نہیں بلکہ محنت کشوں کے حقوق وقار محنت اور سماجی انصاف کی علامت ہے جس نے ہر دور میں استحصالی نظام مزدور دشمن پالیسیوں اور طبقاتی ناانصافی کے خلاف جرأت مندانہ جدوجہد کی لیبر ڈویژن نے شہری و صنعتی مزدور کو سیاسی شناخت آئینی شعور اور منظم طاقت فراہم کی، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج صنعتی زوال سوشل سکیورٹی و پنشن کی ناکافی سہولیات اور کم از کم اجرت پر عدم عملدرآمد نے مزدور کو مزید دیوار سے لگا دیا ہے

ایسے حالات میں ایم کیو ایم پاکستان مزدور دوست قانون سازی کم از کم اجرت کے حقیقی نفاذ صنعتی بحالی روزگار کے نئے مواقع اور جامع سماجی تحفظ کے نظام کے لئے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لیبر ڈویژن کے کارکنان اور ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حق پرست مزدور ہی وہ قوت ہیں جو پاکستان کو معاشی خودمختاری اور سماجی انصاف کی منزل تک لے جاسکتی ہے، آخر میں انہوں نے لیبر ڈویژن کے تمام کارکنان کو انتالیسواں یومِ تاسیس مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان محنت کشوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ان کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔