صوبائی سیکریٹری محنت ساجد جمال کا سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی کلثوم بائی ولیکا ہسپتال سائیٹ کراچی کا دورہ
ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو
کراچی ……….. صوبائی سیکریٹری محنت سندھ، ساجد جمال ابڑو نے کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو اور میڈیکل ایڈوائزر سیسی ڈاکٹر کامران اعوان کے ہمراہ سوشل سیکورٹی کلثوم بائی ولیکا ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے متعلقہ افسران اور اسپتال کے میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران سیکریٹری محنت ساجد جمال نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، میٹرنٹی وارڈ، چلڈرن وارڈ، آئی سی یو، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، ریڈیالوجی اور فارمیسی سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین نے اس موقع پر بتایا گیا کہ سندھ سوشل سیکورٹی صنعتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ طبی عملے کی خدمات چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں جبکہ جدید طبی مشینری کے ذریعے تشخیص اور علاج کی سہولیات میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ سیکریٹری محنت ساجد جمال ابڑو نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ادویات کی دستیابی میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیسی کے تحت رجسٹرڈ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی صحت و فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے اس موقع پر بتایا کہ اسپتال کی اپ گریڈیشن اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں اور مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری محنت نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔