جناح ٹاؤن یوسی 8، جوہر پارک شبیر آباد میں تعمیرِ نو کے بعد فلاور فیسٹیول منعقد کیا گیا امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نےمہمان خصوصی شرکت کی
پارک کی بحالی محکمہ پارکس اور یوسی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں.شب و روز محنت سے مکمل کی گئی، فیسٹیول میں مختلف اقسام کے پھولوں پودوں کی نمائش کی گئی
بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت علاقہ معززین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی
کراچی۔۔۔ جناح ٹاؤن یوسی 8، جوہر پارک شبیر آباد میں تعمیرِ نو کے بعد فلاور فیسٹیول منعقد کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پارک کی بحالی محکمہ پارکس اور یوسی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں اور شب و روز محنت سے مکمل کی گئی، فیسٹیول میں مختلف اقسام کے پھولوں اور پودوں کی نمائش کی گئی جبکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت علاقہ معززین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے *امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان* نے کہا کہ جس جذبے، رفتار اور دیانت داری کے ساتھ اس پارک کو بحال کیا گیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے اور یہی طرزِ عمل شہری ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جن اشیاء کو عموماً ناکارہ سمجھ کر پھینک دیا جاتا ہے، انہیں ری سائیکل کر کے خوبصورتی میں بدل دینا ایک مثبت اور ماحول دوست پیغام ہے، کراچی روشنیوں، رنگوں اور مختلف ثقافتوں کا شہر ہے اور اسے اجتماعی کاوشوں سے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ وسائل اگر شفافیت اور امانت کے ساتھ عوام پر خرچ ہوں اور شہر کو اس کا جائز اختیار ملے تو بنیادی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اختتام پر ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع، یوسی قیادت اور محکمہ پارکس کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ٹاؤن کی بہتری کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع* نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ قبل جوہر پارک شبیر آباد ایک بنجر اور ویران جگہ تھا، لیکن اب مرحلہ وار ترقیاتی کام کے ذریعے اسے فعال اور خوبصورت عوامی مقام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جناح ٹاؤن کے تحت 40 پارکس کو بتدریج اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مقامی کمیونٹی، خصوصاً خواتین اور محکمہ پارکس کے عملے کی شب و روز کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد رات گئے تک پارک کی بحالی اور تزئین و آرائش میں سرگرم رہے اور ہر گوشے کو سنوارنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
چیئرمین نے پارکس ڈیپارٹمنٹ، بی این آر، ایم اینڈ ای اور ایڈمنسٹریشن سمیت جناح ٹاؤن کے مختلف شعبہ جات کی مشترکہ کوششوں کو اس کامیابی کی بنیاد قرار دیا اور تمام افسران اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر تمام پارکس کی ترقی جاری رہے گی تاکہ شہر میں ہر کمیونٹی کے لیے جدید اور محفوظ تفریحی مقامات دستیاب ہوں