صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ ریلیف مشن

صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ کا جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف مشن جاری

مظفرگڑھ، علی پور اور سلطان پور میں سینکڑوں خاندانوں تک امداد پہنچا دی گئی

چیئرمین مُزَمِّل ملک کی قیادت میں فری میڈیکل کیمپس، خیمے اور کھانے کی تقسیم

مخیر حضرات اور رضاکاروں کے تعاون سے خدمتِ خلق کا دائرہ مزید وسیع

کراچی………… اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی فلاحی تنظیم صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ نے ایک بار پھر اپنی عملی خدمت اور انسان دوستی کی مثال قائم کی ہے۔ جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ، تحصیل علی پور اور سلطان پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں تنظیم کی جانب سے امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتوں میں ہونے والی شدید بارشوں اور دریائے سندھ کے کناروں سے آنے والے سیلابی ریلوں نے درجنوں دیہات کو متاثر کیا، سیکڑوں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے آگئے۔

اسی نازک وقت میں صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ میدانِ عمل میں آیا اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور فوری مدد کے لیے اپنی ٹیموں کو متحرک کیا۔ ٹرسٹ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس، خشک و پکا کھانا، مچھر دانیاں، خیمے، اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے بورنگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔ اب تک ہزاروں خاندانوں تک امدادی سامان، میڈیکل امداد اور دیگر ضروریاتِ زندگی پہنچ چکی ہیں۔ بانی و چیئرمین صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ مُزَمِّل ملک، جو ایک نوجوان، متحرک اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما ہیں، خود علی پور اور سلطان پور کے علاقوں میں موجود رہ کر تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ان کی موجودگی متاثرہ عوام کے لیے حوصلے، امید اور اعتماد کی علامت بن چکی ہے۔ وہ اپنے رضاکاروں کے ہمراہ ہر دن متاثرہ بستیوں کا دورہ کرتے، بچوں کے لیے غذائی پیکٹس تقسیم کرتے اور بزرگوں کے لیے علاج و معالجے کے انتظامات کو یقینی بناتے ہیں۔ مُزَمِّل ملک نے کہا: “یہ وقت احساس اور عمل کا ہے۔ ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ ہزاروں خاندان اب بھی ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ آئیں، مل کر اس مشن کو آگے بڑھائیں تاکہ کوئی متاثرہ خاندان تنہا نہ رہے

۔” صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ نے تمام مخیر حضرات، عطیہ دہندگان، سماجی تنظیموں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ٹرسٹ کا ساتھ دیا۔ ان کی مدد سے یہ خدمت کا سلسلہ دن بدن وسعت اختیار کر رہا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ صراطِ مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں بھی تعلیم، صحت، صاف پانی، اور رمضان و عید پیکیجز کے ذریعے فلاحی کاموں میں سرگرم رہتا ہے۔ اورنگی ٹاؤن میں اس تنظیم نے یتیم بچوں کی تعلیم، بیواؤں کی کفالت، اور بے سہارا خاندانوں کے لیے کھانے کی فراہمی جیسے کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے ہیں

اپنا تبصرہ لکھیں